کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) – بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) ضلع چاغی کے ڈپٹی ڈائریکٹر حاجی محمد اکرم نے ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی بلوچستان ڈاکٹر جلال فیض سے اہم ملاقات کی، جس میں ضلع چاغی میں بی آئی ایس پی سے متعلق مختلف امور، مستحقین کو درپیش مشکلات اور بالخصوص دور دراز علاقوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران یونین کونسل پدگ، چہتر اور امین آباد میں بی آئی ایس پی مستحقین کو بہتر اور آسان سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے ریٹیلر شاپس کے قیام سے متعلق امور پر خصوصی گفتگو ہوئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر بی آئی ایس پی ضلع چاغی حاجی محمد اکرم نے ڈائریکٹر جنرل کو ضلع کے مختلف علاقوں میں مستحقین کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں کے مستحق افراد کو رقوم کے حصول کے لیے طویل سفر اور اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے پدگ، چہتر اور امین آباد میں ریٹیلر شاپس کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی بلوچستان ڈاکٹر جلال فیض نے ضلع چاغی کے مسائل کو غور سے سنا اور متعلقہ امور کے حل کے لیے ضروری اقدامات اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے مستحقین کو شفاف، آسان اور بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈاکٹر جلال فیض کے مطابق یونین کونسل پدگ، چہتر اور امین آباد میں عنقریب بی آئی ایس پی ریٹیلر شاپس کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس سے ان علاقوں کے مستحقین کو اپنے علاقوں کے قریب رقوم کے حصول کی سہولت میسر آئے گی۔
ملاقات میں ضلع چاغی میں بی آئی ایس پی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، مستحقین کی مشکلات کم کرنے اور دور دراز علاقوں تک سہولیات کی رسائی بہتر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔




تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…