اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، جماعت اسلامی اور کسانوں کی احتجاجی کالز کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں۔ حکومت نے ریڈ زون اور توسیع شدہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ تمام پانچ راستوں پر کنٹینرز کی دو دو لیئرز رکھ کر بھاری نفری تعینات کی جا رہی ہے ۔
اعلیٰ سطح اجلاس میں لانگ مارچ روکنے کا فیصلہ
اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرلز آف پولیس (آئی جیز) سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کو ہر صورت روکا جائے گا اور احتجاجیوں کو ریڈ زون تک پہنچنے نہیں دیا جائے گا ۔
ریڈ زون مکمل سیل، کنٹینرز کی دو لیئرز
ذرائع کے مطابق ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام پانچ راستوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔ ان راستوں پر کنٹینرز کی دو دو لیئرز لگائی جائیں گی اور بھاری پولیس نفری تعینات کی جائے گی۔ توسیع شدہ ریڈ زون کو سیل کر کے صرف ہنگامی حالات میں کھولا جائے گا ۔
ڈی چوک، فیض آباد، 26 نمبر چورنگی، ٹرنول، مارگلہ ایونیو، روات ٹی چوک اور دیگر اہم مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ ریڈ زون میں داخلے کے لیے فی الحال صرف مارگلہ ایونیو کھلا رکھا گیا ہے ۔




تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…