کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) – وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے سیف سٹی اتھارٹی کی کارکردگی اور اقدامات پر وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کی مؤثر نگرانی کے باعث ملک بھر سے چوری شدہ 138 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ سیف سٹی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 9 مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی سے دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں ناکام بنا دی گئیں۔

بریفنگ کے مطابق بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی نے مختلف جرائم کے مقامات سے متعلق پولیس کو 631 اہم شواہد فراہم کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 15 مددگار ایمرجنسی رسپانس سروس کو سی ٹی ڈی سے منسوب کر دیا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ مزید یقینی بنایا جائے گا۔