کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) – آج 8 اگست کو یومِ شہداء وکلاء کے موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ میں سانحۂ 8 اگست 2016 کے شہداء وکلاء کی یاد میں قرآن خوانی کی تقریب منعقد ہوئی۔
شہداء کی دسویں برسی کے موقع پر ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر وکلاء برادری نے شہداء کے ایثار اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں آئی ایل ایف بلوچستان کے صدر ایڈووکیٹ سید عبدالسلام آغا، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ عمران خان ناصر، فنانس سیکرٹری ایڈووکیٹ محبوب خان کاکڑ، وائس پریزیڈنٹ یوتھ چیپٹر ایڈووکیٹ افتخار دوتانی، سیکرٹری اطلاعات ایڈووکیٹ گل اکبر دومڑ اور پشتونخوا نیشنل لائرز فورم کے صدر ایڈووکیٹ شمس کاکڑ نے شرکت کی۔
شرکاء نے شہداء وکلاء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی ہے اور شہداء وکلاء اس جدوجہد کی عظیم علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 اگست 2016 کا سانحہ وکلاء برادری کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، تاہم شہداء کی قربانیاں وکلاء برادری کو ہمیشہ اپنے مشن پر قائم رکھنے کا باعث بنیں گی۔



تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…