نوشکی کے احمد وال میں ایک 9 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے ایس پی نوشکی سلیم شاہوانی کی نگرانی میں موثر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ایس پی نوشکی سلیم شاہوانی اس سے قبل بھی علاقے میں اپنی فعال کردار کے لیے جانے جاتے ہیں اور انہوں نے ماضی میں مختلف واقعات پر موثر کارروائیاں کی ہیں ۔

عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرکے تمام ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے گا اور ایسے گھناونے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے گی ۔

واضح رہے کہ نوشکی میں گزشتہ چند ماہ کے دوران سیکیورٹی کے چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے اور فروری 2026 میں نوشکی میں پولیس اسٹیشن، جوڈیشل کمپلیکس اور دیگر سرکاری عمارتوں پر حملے بھی ہوئے تھے ۔ اس کے علاوہ علاقے میں طویل خشک سالی اور معاشی مشکلات بھی عوام کو شدید متاثر کر رہی ہیں ۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔