کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) – جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے آج کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حکومتی رٹ نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حکومتی رٹ نہیں ہے اور حالات ایسے ہیں کہ لوگ اپنے علاقوں میں نہیں جا سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے اور تمام مسائل کا حل آئین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں پارلیمنٹ کی اہمیت ختم ہوچکی ہے اور ہم پر جبری طور پر حکومت مسلط نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے کہا کہ یہ انتظامی معاملات ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ملک اس بات کے لیے ہے کہ نئے صوبے بنائے جائیں؟ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کیک کاٹ کر نہیں بنائے جاتے اور اس سلسلے میں عوام سے پوچھا جانا چاہیے کہ وہ نیا صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں ۔

مولانا فضل الرحمن نے کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ کشمیر کے عوام ہمیں آواز دے رہے ہیں اور وہاں کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔