مانسہرہ پریس کلب کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات، انجمنِ تاجران ہزارہ کے صدر شکیل اعوان، انجمنِ تاجران مانسہرہ کے صدر وسیم، سینئر صحافیوں، طلبہ، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
آبائی گاؤں میں خصوصی استقبالیہ: مرکزی تقریب سے قبل اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے چیئرمین اور روزنامہ رئیس الاخبار کے ایڈیٹر اِن چیف شاہنواز خان اور ایڈیٹر و پبلیشر رئیس الاخبار شہباز خان نے اپنے آبائی گاؤں میں معزز مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ (ظہرانے) کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ان کے والد محترم محمد نواز خان، محمد فاروق تنولی، ملک فدا تنولی، باسط تنولی، ارشد تنولی، شرجیل نواز خان اور حمزہ تنولی نے تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ شرکاء نے مقامی عوام کی محبت، خلوص، روایتی مہمان نوازی اور پرتکلف ضیافت کو بے حد سراہا۔
مرکزی تقریب: بعد ازاں مانسہرہ پریس کلب میں منعقدہ مرکزی تقریب میں شاہنواز خان کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر روزنامہ رئیس الاخبار کے ایڈیٹر و پبلشر شہباز خان اور ان کی پوری ٹیم نے بھرپور شرکت کی، جبکہ اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر فیاض تنولی، جنرل سیکرٹری سردار سجاد طارق، سینئر نائب صدر ملک ظفر اعوان، نائب صدر ملک نثار اکبر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راشد عباسی، آفس سیکرٹری فاروق خان، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری محمد سلیم اور دیگر عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔
ثقافتی پروگرام اور اعزازات: تقریب میں یومِ آزادی کے حوالے سے کیک کاٹا گیا، ملی نغمے پیش کیے گئے، میوزیکل پروگرام منعقد ہوا جبکہ مقامی فنکاروں نے روایتی ثقافتی رقص پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، ٹیبلو، تقاریر اور دیگر شاندار پرفارمنس کے ذریعے تقریب کو مزید پررونق بنا دیا۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات، ضلعی انتظامیہ، پولیس، انجمنِ تاجران، سینئر صحافیوں اور دیگر نمایاں شخصیات میں اعزازی شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔




تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…