کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) – ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) محمد امیر حمزہ کی زیرِ صدارت 14 اگست یومِ آزادی کے سلسلے میں سرکاری و نجی عمارتوں کی سجاوٹ اور چراغاں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم، پی ٹی سی ایل، این ٹی سی، سرینا ہوٹل، مختلف بینکوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) محمد امیر حمزہ نے شرکاء کو حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق اپنی اپنی عمارتوں کو قومی پرچموں، برقی قمقموں اور دیگر تزئینی سامان سے آراستہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ منایا جانا چاہیے اور شہر بھر میں جشنِ آزادی کا خوبصورت ماحول نمایاں ہونا چاہیے ۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ یومِ آزادی شایانِ شان انداز میں منایا جا سکے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں سجاوٹ کے کاموں کو جلد از جلد حتمی شکل دیں۔
اس موقع پر شرکاء نے یومِ آزادی کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس سال 14 اگست کو کوئٹہ شہر کا نظارہ انتہائی پرکشش اور پُرتکلف ہوگا ۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی حال ہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی تھی، جس میں 14 اگست کی تقریبات کو نظم و ضبط، جوش اور حب الوطنی کے جذبے سے منانے کی ہدایت کی گئی تھی ۔




تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…