کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) – صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سے آج معاون داخلہ بابر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی اور سردار زادہ علاؤالدین لونی نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں صوبے کی مجموعی قانون و امن صورتحال، کاروباری برادری کے مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے حکمت عملی وضع کی گئی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور شہریوں کو بلاوجہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں اور اقتصادی عمل کو فروغ دیا جا سکے ۔
معاون داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت تاجروں اور کاروباری افراد کو درپیش چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے جائز مسائل کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت ہے کہ شہریوں، تاجروں اور کاروباری افراد کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے شہری مسائل اور انتظامی امور کے بارے میں وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔ انہوں نے شہر میں صفائی، ٹریفک اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔
سردار زادہ علاؤالدین لونی نے علاقائی مسائل اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے حوالے سے وزیر داخلہ کو تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو بہتر بنایا جائے تاکہ مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور دشمن عناصر پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن و استحکام کے لیے حکومت، سیکیورٹی ادارے، کاروباری برادری اور عوام سب مل کر کام کریں گے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایام میں وزیر داخلہ کی زیر صدارت تاجروں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں، جن میں کاروباری مسائل اور شاہراہوں پر سیکورٹی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہے ۔




تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…