خالق آباد منگچر کے انجمن تاجران کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) قلات شاہنواز بلوچ سے ایک اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بازار کی بندش اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفد کے ارکان نے اے ڈی سی شاہنواز بلوچ کو بازار کی بندش سے تاجروں اور عوام کو ہونے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ طویل بندش کے باعث کاروباری طبقہ شدید معاشی بحران کا شکار ہو رہا ہے، اس لیے تجارتی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ نے تاجران کے وفد کی باتیں غور سے سنیں اور انہیں یقین دلایا کہ انتظامیہ تاجر برادری کے جائز مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کا ہر ممکن حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے تاجروں کو درپیش سفری اور کاروباری مشکلات کو کم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں طے پانے والے فیصلے کے مطابق اے ڈی سی شاہنواز بلوچ نے اعلان کیا کہ کل صبح سے خالق آباد منگچر کا بازار باقاعدہ طور پر کھل جائے گا اور کاروباری اوقات کار صبح سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خالق آباد منگچر کے ایس ایچ او کو خط لکھیں گے تاکہ بازار کی نگرانی اور چوری ڈکیٹی کی روک تھام کے لیے پولیس انتظامیہ کو ہدایت کی جا سکے۔

اس فیصلے پر انجمن تاجران کے وفد نے انتظامیہ اور اے ڈی سی شاہنواز بلوچ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ تاجر برادری نظم و ضبط برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔