یوکرین اور روس کے درمیان ڈرون اور میزائل حملوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ یوکرین نے گزشتہ تین روز کے دوران روس پر 1000 سے زائد ڈرونز داغے، جس میں روسی دارالحکومت ماسکو کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا ۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے بتایا کہ منگل کو ماسکو پر 620 ڈرونز کا حملہ کیا گیا، جسے دو سال کا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 180 ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا جبکہ باقی ڈرونز نے اہداف کو نشانہ بنایا ۔ اس حملے کے نتیجے میں 10 سالہ بچی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ۔

روسی میڈیا کے مطابق یوکرین کے ان حملوں میں روسی ای کامرس کمپنی کے ویئر ہاؤسز اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس میں وائلڈ بیریز نامی آن لائن ریٹیلر کے گودام بھی شامل تھے ۔

اس سے قبل اتوار کو بھی یوکرین نے روسی شہروں پر 800 سے زائد ڈرون فائر کیے تھے، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ روسی حکام کے مطابق ڈرون حملے روس کے جنوبی روسٹوو علاقے، بیلگوروڈ، کرسک اور ماسکو کے علاقوں میں ہوئے ۔