ایکسائز اینڈ نارکوٹکس ساؤتھ زون بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل محمد زمان خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گڈانی کے ساحلی علاقے میں کارروائی کے دوران 1013 کلوگرام آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ آئس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 74 ارب روپے بنتی ہے اور اس کارروائی سے منشیات مافیا کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے ۔
محمد زمان خان کے مطابق یہ تاریخی برآمدگی گزشتہ دو سال کے دوران بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی کامیاب کارروائیوں کا تسلسل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا اور ملک کی نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہیں گے ۔
ڈی جی ایکسائز نے بتایا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 1,638 کلوگرام آئس، 620 کلوگرام چرس اور 27,543 بوتلیں و کین غیر ملکی شراب و بیئر برآمد کیے گئے، جن کی مجموعی بین الاقوامی مالیت 133.56 ارب روپے بتائی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مئی 2026 میں بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے گوادر کے علاقے شنکینگ سے 520 کلوگرام آئس برآمد کی تھی جس کی مالیت 35 ارب روپے تھی ۔ اسی طرح اگست 2026 میں خضدار کے علاقے سے 51 کلوگرام آئس اور 450 کلو چرس برآمد کی گئی تھی ۔




تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…