وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ کے اعزاز میں ناشتے کی دعوت دی، جس میں دونوں اطراف نے پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان ترقیاتی شراکت داری کا جائزہ لیا ۔

معاشی اصلاحات اور استحکام

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے سخت مالیاتی، ساختی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے مشکل معاشی بحالی کے مرحلے کو کامیابی سے عبور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت میں میکرو اکنامک استحکام بحال ہوا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہوا جبکہ فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی سمیت بڑے عالمی کریڈٹ ریٹنگ اداروں کی جانب سے پاکستان کے لیے مستحکم آؤٹ لک بھی سامنے آیا ۔

وزیراعظم نے حکومت کے طویل المدتی معاشی تبدیلی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے خصوصی ایگزیکوشن ٹاسک فورسز کے ذریعے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

ایم ایل ون ریلوے منصوبہ

ملاقات کے دوران مین لائن ون (ML-1) ریلوے کوریڈور کی جدید کاری کو خصوصی اہمیت حاصل رہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن ملکی ترجیحات میں شامل اہم ترین انفراسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک ہے، جس سے مال برداری کا نظام جدید بنانے، علاقائی تجارتی روابط مستحکم کرنے اور بڑے صنعتی منصوبوں کی معاونت میں مدد ملے گی ۔