لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی بہترین نظام حکومت ہے اور حکمرانی کا حق صرف عوام کو ہے، سیاست میں تلخیوں سے بچنا چاہیے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں قیام کے دوران جاتی امرا میں پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

نواز شریف نے کہا کہ سیاست میں شائستگی ضروری ہے اور تلخیوں سے بچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اختلاف نظریات کا ہونا چاہیے، اسے ذاتی انا نہیں بنانا چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حال ہی میں پارٹی ایم پی ایز کے ساتھ باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ ان کے مسائل اور عوامی شکایات کو براہِ راست سنا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق، پنجاب کے وزیراعلیٰ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بیوروکریسی اور پولیس میں سیاسی مداخلت کو روکنے کے لیے میرٹ پر مبنی پالیسی اپنائی ہے ۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ تمام تقرریاں اب سختی سے میرٹ پر کی جا رہی ہیں اور حکمران جماعت کے ارکان یا دیگر افراد کے لیے سیاسی اثر و رسوخ کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ تاہم بعض ایم پی اےز کا کہنا ہے کہ وہ تحصیلداروں اور پولیس افسران کو اپنے حلقوں میں ان کی مدد کرنے کی ترغیب دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے ووٹروں کو بہتر خدمات فراہم کر سکیں ۔