دبئی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز PK212 جو دبئی سے اسلام آباد جانے والی تھی، جمعہ کی رات تاخیر کا شکار ہوگئی اور مسافروں کے ہنگامے کے باعث مزید تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ۔
ذرائع کے مطابق، دبئی ائیرپورٹ اتھارٹی نے علاقائی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام پروازوں کے درمیان 10 منٹ کا وقفہ نافذ کر رکھا تھا، جس کی وجہ سے پی آئی اے کا طیارہ تقریباً ساڑھے تین گھنٹے گراؤنڈ پر پڑا رہا، حالانکہ وہ روانگی کے لیے تیار تھا ۔
طیارے میں موجود مسافروں کو کھانا پیش کیا گیا تاہم طویل تاخیر کے باعث کچھ مسافروں میں غم و غصہ پایا جانے لگا ۔ تاخیر پر مشتعل مسافروں نے کاک پٹ میں گھسنے کی کوشش کی تاہم عملے نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا ۔
اس کے بعد ایک مشتعل مسافر نے جہاز کا شیشہ توڑ دیا جس سے جہاز میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پرواز مزید تاخیر کا شکار ہوگئی ۔
کیپٹن نے مقامی حکام سے مدد طلب کی اور دبئی سیکیورٹی اہلکاروں نے طیارے میں داخل ہو کر 9 مشتعل مسافروں کو حراست میں لے لیا ۔
جہاز کے شیشے کے ٹوٹنے کے باعث طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ۔ باقی ماندہ مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا جبکہ عملے کے ڈیوٹی کے اوقات بھی ختم ہوگئے تھے ۔
پی آئی اے ذرائع کے مطابق طیارے کی مرمت اور معائنے کے بعد پرواز کو رات 11:15 بجے کے قریب اسلام آباد روانہ کر دیا جائے گا ۔




تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…