کوئٹہ، 30 جولائی – حکومت بلوچستان نے ضلع مستونگ میں 23 جولائی 2026 کو دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (بی پی ایس-21) عبدالحکیم کاکڑ اور پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد زمان کو بلوچستان سول سرونٹس اینڈ ایمپلائز بینیفٹس اینڈ ڈیتھ کمپنسیشن پالیسی 2020 کے تحت باضابطہ طور پر شہید قرار دے دیا ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشنز کے مطابق یہ اقدام بلوچستان سول سرونٹس اینڈ ایمپلائز بینیفٹس اینڈ ڈیتھ کمپنسیشن پالیسی 2020 کی دفعہ 17 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ 23 جولائی 2026 کو ضلع مستونگ میں مین آر سی ڈی روڈ، ریلوے پھاٹک ولی خان کراس کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ میں شہید ہوئے تھے۔ اسی حملے میں ان کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد زمان نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔