ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مساجد پر ہونے والے حملوں کو مسلمانوں کے خلاف انتہاپسندی اور اشتعال انگیزی قرار دے دیا ہے ۔

اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور ان پر حملے قابلِ مذمت ہیں اور یہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں ۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مساجد کا تقدس برقرار رکھنا تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس قسم کے واقعات کو روکنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے ۔ امارات نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے کام کریں ۔

اماراتی وزارت خارجہ نے اس موقع پر تمام اقوام سے مطالبہ کیا کہ وہ مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور انتہاپسندانہ رویوں کے خلاف مضبوط موقف اختیار کریں ۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف ممالک میں مساجد پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس پر عالمی اسلامی ممالک نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کا یہ موقف مسلم امہ کے جذبات کے تحفظ اور بین الاقوامی سطح پر امن و آشتی کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔