کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائد اعظم لائبریری کے طلباء کی دہائی سنتے ہوئے انہیں چیف منسٹر سیکرٹریٹ مدعو کیا اور لائبریری کو پاکستان کی مثالی لائبریری بنانے کا اعلان کر دیا ۔

وزیراعلیٰ نے طلباء سے تفصیلی ملاقات کی اور ان کے مسائل کو غور سے سنا ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم لائبریری کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ یہ ملک بھر کے لیے ایک نمونہ بن سکے ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے طلباء کو یقین دلایا کہ ان کی تمام جائز درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور علمی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

طلباء نے وزیراعلیٰ کو لائبریری کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور اس میں بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے اس اقدام کو تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ "طلباء ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے" ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لائبریری کی بہتری کے لیے فوری منصوبہ تیار کیا جائے ۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا یہ اقدام صوبے میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔